ایرانی صدر کو بتایا مکہ دفاعی معاہدہ کسی کے خلاف نہیں، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مکہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے ایرانی صدر سے بات ہوئی اور انہیں واضح کیا گیا کہ یہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں ہے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیراعظم کے مطابق ایرانی صدر نے پاکستان کی امن کے لیے کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اسلام آباد میمورنڈم آج بھی ایران کو قابل قبول ہے۔ ایرانی صدر نے میمورنڈم کو آگے بڑھانے کے لیے تعاون جاری رکھنے کی آمادگی بھی ظاہر کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے اور امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو پذیرائی ملی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قیادت نے خطے میں امن کے لیے سفارتی کوششوں کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان معیشت اور سفارتی تعلقات مضبوط بنانے کے لیے بھی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے آبنائے ہرمز اور باب المندب کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اشتعال انگیزی کے خاتمے کے لیے برادر اور دوست ممالک کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔








