ایران اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، امریکی مداخلت پر سخت انتباہ

ایران اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، امریکی مداخلت پر سخت انتباہ

تہران: ایرانی افواج کی مشترکہ کمانڈ خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز کے ترجمان نے امریکا اور اس کے اتحادیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر خطے میں جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا تو اس کے نتائج پورے خطے کو بھگتنا ہوں گے، جس کی ذمہ داری امریکا اور اس کے اتحادیوں پر ہوگی۔

ترجمان نے کہا کہ ایران کے خلاف کسی بھی امریکی فوجی معاونت یا تعاون کو براہِ راست جنگ میں شمولیت تصور کیا جائے گا، جبکہ ایسے ممالک بھی نتائج کے ذمہ دار ہوں گے جو امریکا کو اس مقصد کے لیے سہولت فراہم کریں گے۔

انہوں نے آبنائے ہرمز کے حوالے سے واضح کیا کہ ایران کی اجازت کے بغیر اس اہم آبی گزرگاہ میں کسی بھی فوجی سرگرمی یا مداخلت کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے، اور امریکا کی کسی بھی مداخلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ایرانی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران اپنی خودمختاری، سمندری حدود اور قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور ہر قسم کی بیرونی مداخلت کا مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ خطے میں کشیدگی بڑھنے کی صورت میں نہ صرف علاقائی سلامتی متاثر ہوگی بلکہ عالمی سطح پر تیل کی ترسیل بھی شدید متاثر ہو سکتی ہے، لہٰذا امریکا اور اس کے اتحادی ایسے اقدامات سے گریز کریں جو صورتحال کو مزید سنگین بنا سکتے ہیں۔

More News