ایران کے لیے مکہ دفاعی اتحاد کے دروازے کھلے ہیں، شامل ہونا چاہے تو خوش آمدید کہیں گے: ڈی جی آئی ایس پی آر
اسلام آباد: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ ایران کی مکہ دفاعی اتحاد میں شمولیت پر کوئی پابندی نہیں، جو بھی اس اتحاد کا حصہ بننا چاہے گا اسے خوش آمدید کہا جائے گا، تاہم اس حوالے سے فیصلہ تینوں فریقین نے باہمی مشاورت سے کرنا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سعودی عرب مزید پاکستانی فوج بھیجنے کا فیصلہ حالات اور ملک کی سیاسی قیادت کی منظوری سے مشروط ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان سعودی عرب اور مقدس مقامات کے دفاع کے لیے پُرعزم ہے، جبکہ یمن کا تنازع ایک اندرونی معاملہ ہے اور پاکستان اس تنازع کا حصہ نہیں ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ اجتماعی دفاع اور علاقائی امن پر یقین رکھنے والا کوئی بھی ملک اس اتحاد میں شامل ہو سکتا ہے۔ ایران کی شمولیت کے حوالے سے بھی پاکستان کا دروازہ کھلا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پاکستان کی جانب سے ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی کی کوششوں پر محتاط امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے طاقتور عناصر موجود ہیں جو اس ثالثی کے عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے گا۔








