ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026: بھارت سے شکست، پاکستان ایونٹ سے باہر
ایمسٹلوین: ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے گروپ ڈی کے اہم میچ میں روایتی حریف بھارت نے پاکستان کو 5-3 سے شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا، جبکہ قومی ہاکی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی۔
پاکستان کے لیے سیمی فائنل کی دوڑ میں رہنے کے لیے بھارت کے خلاف کامیابی لازمی تھی۔ اس سے قبل پاکستان کو انگلینڈ کے ہاتھوں 1-4 سے شکست ہوئی تھی، جبکہ ویلز کے خلاف میچ 3-3 سے برابر رہا تھا۔
ایمسٹلوین کے ویگنر ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے شاندار آغاز کرتے ہوئے پہلے کوارٹر میں دو گول کیے۔ بھارتی کپتان ہرمن پریت سنگھ نے پنالٹی کارنر پر پہلا گول کیا، جس کے بعد ابھیشک نے دوسرا گول کرکے بھارت کی برتری 2-0 کردی۔
دوسرے کوارٹر میں ہرمن پریت سنگھ نے پنالٹی کارنر کے ری باؤنڈ پر اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول کیا۔ پاکستان کی جانب سے حنان شاہد نے گول کرکے اسکور 1-3 کیا، تاہم ابھیشک نے بھارت کا چوتھا گول داغ دیا۔ پاکستان کے سفیان نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے پہلے ہاف کا اسکور 2-4 کردیا۔
تیسرے کوارٹر میں بھارت نے پنالٹی اسٹروک پر پانچواں گول کرکے اپنی برتری 5-2 کردی۔ آخری کوارٹر میں حنان شاہد نے اپنا دوسرا اور پاکستان کا تیسرا گول کیا، تاہم قومی ٹیم مزید گول نہ کرسکی اور مقابلہ 5-3 سے بھارت کے نام رہا۔
بھارت سے شکست کے بعد پاکستان ہاکی ٹیم ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کی دوڑ سے باہر ہوگئی، جبکہ بھارت نے اگلے مرحلے میں جگہ بنا لی۔







