پاکستان کا امریکی ناظم الامور سے مقبوضہ کشمیر پر سخت احتجاج

پاکستان کا امریکی ناظم الامور سے مقبوضہ کشمیر پر سخت احتجاج

اسلام آباد: پاکستان نے بھارت میں امریکی سفیر کے مقبوضہ کشمیر کے دورے اور خطے کی حیثیت سے متعلق متنازع بیان پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے بھارتی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر سے متعلق امریکی سفیر کے بیان پر پاکستان کی شدید تشویش سے آگاہ کیا گیا۔

دفتر خارجہ نے امریکی سفیر کی جانب سے جموں و کشمیر کو ’’ہندوستان کا حصہ‘‘ قرار دینے والے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ مؤقف حقائق کے منافی ہے۔ پاکستان نے واضح کیا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے، جس کا حتمی فیصلہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

ترجمان کے مطابق امریکی سفیر کا غیر ذمہ دارانہ بیان مسئلہ کشمیر پر امریکا کے دیرینہ موقف سے مطابقت نہیں رکھتا۔ پاکستان نے اس بیان کو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر سے متعلق امریکی عزم کے بھی منافی قرار دیا۔

پاکستان نے امریکی حکام پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر سے متعلق حساس معاملات پر بیان دیتے ہوئے حقائق، بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کو مدنظر رکھا جائے۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا اور کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کے تعین کا حق حاصل ہے۔

More News