این ڈی ایم اے کا متوقع موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری

این ڈی ایم اے کا ممکنہ شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں متوقع شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ الرٹ میں پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش، ژالہ باری اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، جہلم، گوجر خان اور سیالکوٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح خیبر پختونخوا کے چترال، دیر، سوات، صوابی، کالام، منگورہ، مالاکنڈ، بٹگرام، مردان، نوشہرہ، پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں سکردو، ہنزہ، نگر، غذر، دیامر، گھانچے، استور، شگر، کھرمنگ، نیلم ویلی، مظفرآباد، باغ، کوٹلی، پونچھ اور بھمبر میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

الرٹ کے مطابق بعض علاقوں میں ژالہ باری اور تیز ہواؤں کے باعث کمزور تعمیرات، کھمبوں اور درختوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ شمالی علاقہ جات میں گلیشائی جھیلوں کے پھٹنے (GLOF)، لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ ہنزہ، نگر، گلگت، چلاس، استور، شگر، چترال، کالام، اپر کوہستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے شدید امکانات موجود ہیں۔ اسی طرح قراقرم ہائی وے، ناران روڈ اور دیگر اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی بندش کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

ادارے نے مسافروں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔ عوام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ صوبائی و ضلعی اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔

More News