ایک ہفتے کیلئے کراچی بند کردیں، سب ہمارے پاؤں پکڑیں گے: سہیل آفریدی
کراچی: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے سندھ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کراچی کو ایک ہفتے کیلئے بند کردیا جائے تو سب ہمارے پاؤں پکڑیں گے۔
سندھ ہائی کورٹ بار کونسل میں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ یہ ان کے دورہ سندھ کا آخری پروگرام ہے۔ انہوں نے سندھ کے عوام کی جانب سے ملنے والی پذیرائی پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام نے انہیں بہت عزت دی اور جس ہمت و بہادری سے انہوں نے جبر کا مقابلہ کیا، وہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کی جدوجہد قابل قدر ہے اور وہ اس پر ان کے شکر گزار ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے حکمران صوبے کے عوام کی بدقسمتی ہیں۔ ان کے مطابق حکمرانوں کو عوام کے مسائل اور بنیادی حقوق پر توجہ دینی چاہیے۔
سہیل آفریدی نے پیپلز پارٹی کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر پارٹی سندھ کی تقسیم کے معاملے پر نالاں ہے تو منافقت چھوڑ کر ہمارا ساتھ دے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کے خلاف مؤقف رکھنے والوں کو عملی طور پر بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے اور اس شہر کی اہمیت سب پر واضح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کراچی کی سرگرمیاں ایک ہفتے کیلئے بند کردی جائیں تو صورتحال کا اندازہ ہوجائے گا اور سب لوگ مطالبات تسلیم کرنے کیلئے ان کے پاس آئیں گے۔
سہیل آفریدی کے ان بیانات پر سیاسی حلقوں میں بحث شروع ہوگئی ہے، جبکہ سندھ اور خیبرپختونخوا کے درمیان سیاسی اختلافات کے تناظر میں ان کے خطاب کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔








