باجوڑ سکاؤٹس کے تعاون سے سلارزئی میں فری میڈیکل کیمپ، عوام کو مفت طبی سہولیات فراہم

باجوڑ سکاؤٹس کے تعاون سے سلارزئی میں فری میڈیکل کیمپ، 876 افراد کا مفت طبی معائنہ

باجوڑ: باجوڑ سکاؤٹس اور ایڈ انٹرنیشنل کے باہمی تعاون سے سلارزئی کے علاقے غاحی میں ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جہاں علاقے کے غریب اور مستحق افراد کو مفت طبی معائنہ، ادویات اور مختلف طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ کیمپ میں گردونواح کے دور افتادہ علاقوں سے بڑی تعداد میں مرد، خواتین اور بچے علاج کی غرض سے پہنچے۔

نمائندہ خصوصی محمد عباس کے مطابق فری میڈیکل کیمپ میں مجموعی طور پر 876 افراد کا مفت طبی معائنہ کیا گیا، جن میں 301 بچے، 320 خواتین اور 255 مرد شامل تھے۔ طبی ماہرین اور ڈاکٹرز نے مریضوں کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے مختلف بیماریوں کی تشخیص کی اور انہیں ضروری طبی مشورے فراہم کیے۔

کیمپ میں غاحی، کوہی، گھونڈئی، تلی، چلارگام اور بٹملئی سمیت ملحقہ علاقوں سے آنے والے مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ ماہر ڈاکٹروں کی جانب سے جنرل میڈیسن، جنرل سرجری، امراضِ چشم، امراضِ نسواں، نفسیات اور فزیوتھراپی سمیت مختلف شعبوں میں مریضوں کا معائنہ کیا گیا۔

طبی معائنے کے بعد مریضوں کو ضرورت کے مطابق ضروری ادویات بھی مفت فراہم کی گئیں، جس سے دور دراز علاقوں سے آنے والے مستحق افراد کو خصوصی سہولت میسر آئی۔ طبی ماہرین نے ایسے مریضوں کی بھی نشاندہی کی جنہیں مزید خصوصی علاج یا تفصیلی معائنے کی ضرورت تھی۔ ایسے مریضوں کو مفت علاج اور ماہر ڈاکٹروں سے معائنے کے لیے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور ریفر کیا گیا۔

اس موقع پر مقامی مشران اور علاقے کے عوام نے فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد پر باجوڑ سکاؤٹس اور ایڈ انٹرنیشنل کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دور افتادہ اور پسماندہ علاقوں میں اس نوعیت کے طبی کیمپ انتہائی اہمیت رکھتے ہیں، کیونکہ یہاں رہنے والے بہت سے افراد کے لیے بڑے طبی مراکز تک پہنچنا مشکل ہوتا ہے۔

مقامی افراد نے کہا کہ غریب اور مستحق شہریوں کو ان کی دہلیز پر مفت طبی سہولیات کی فراہمی ایک قابلِ تحسین اقدام ہے۔ ان کے مطابق ایسے فلاحی پروگرام نہ صرف عوام کو فوری طبی سہولیات فراہم کرتے ہیں بلکہ عوام اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان اعتماد اور تعاون کو بھی مزید مضبوط بناتے ہیں۔

مشران نے امن و امان کے قیام کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں سیکیورٹی فورسز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ باجوڑ کے مختلف علاقوں میں جاری فلاحی اقدامات سے عوام کو عملی طور پر فائدہ پہنچ رہا ہے اور علاقے میں مثبت ماحول کو فروغ مل رہا ہے۔

More News