سونے، چاندی اور پلاٹینم کی قیمتوں میں کمی، عالمی مارکیٹ میں دھاتیں سستی
اسپاٹ گولڈ 0.5 فیصد کمی کے بعد 4,322.28 ڈالر فی اونس پر آگیا
ویب ڈیسک: عالمی منڈی میں پیر کے روز سونے کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ چاندی، پلاٹینم اور پیلیڈیم کی قیمتیں بھی معمولی کمی کا شکار ہوئیں۔ مارکیٹ میں قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں یہ کمی گزشتہ ہفتے سونے کی نمایاں تیزی کے بعد سامنے آئی ہے۔
عالمی مارکیٹ کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.5 فیصد کمی کے ساتھ 4,322.28 ڈالر فی اونس پر آگئی۔ اسی طرح امریکی گولڈ فیوچرز کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی اور یہ 0.4 فیصد گر کر 4,381.60 ڈالر فی اونس کی سطح پر آگئی۔
ماہرین کے مطابق گزشتہ ہفتے امریکی نان فارم پے رول کے کمزور اعدادوشمار کے باعث سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا تھا۔ روزگار کے اعدادوشمار میں کمزوری نے امریکی معیشت کے حوالے سے خدشات کو بڑھایا، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کی جانب سے سونے میں دلچسپی بڑھی اور اس کی قیمت میں تیزی دیکھی گئی۔
تاہم موجودہ کمی کو ماہرین نے مارکیٹ میں منافع کے حصول کا قدرتی عمل قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق حالیہ تیزی کے بعد بعض سرمایہ کاروں نے زیادہ قیمت پر سونا فروخت کرکے منافع حاصل کیا، جس کے باعث قیمتی دھات کی قیمت میں معمولی دباؤ دیکھا گیا۔
دوسری جانب چاندی، پلاٹینم اور پیلیڈیم کی قیمتوں میں بھی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم مارکیٹ میں قیمتی دھاتوں کے مستقبل کے حوالے سے سرمایہ کاروں کی دلچسپی برقرار ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ قلیل مدت میں سونے کی قیمت 4,300 ڈالر فی اونس سے اوپر رہنے کا امکان ہے۔ عالمی معاشی صورتحال، امریکی اقتصادی اعدادوشمار، شرح سود سے متعلق توقعات اور سرمایہ کاروں کے رجحانات سونے کی آئندہ قیمتوں پر اثرانداز ہونے والے اہم عوامل ہوں گے۔
پاکستان میں بھی عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا اثر مقامی صرافہ مارکیٹ پر پڑ سکتا ہے۔








