بارشوں کا نیا طاقتور سلسلہ آج سے شروع، محکمہ موسمیات نے ہائی الرٹ جاری کر دیا

بارشوں کا نیا طاقتور سلسلہ آج سے شروع، محکمہ موسمیات نے ہائی الرٹ جاری کر دیا

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں 28 جولائی سے 5 اگست تک مون سون بارشوں کے ایک نئے اور طاقتور سلسلے کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں، متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ محکمہ کے مطابق اس دوران مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، تیز ہوائیں، گرج چمک، اربن فلڈنگ، لینڈ سلائیڈنگ اور پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں وقفے وقفے سے شدید بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر انتہائی موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔ اسی طرح پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور گردونواح میں مختلف اوقات میں شدید بارش متوقع ہے، جبکہ جنوبی پنجاب کے اضلاع میں 31 جولائی سے 3 اگست کے دوران بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے بالائی اور وسطی اضلاع میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ پشاور، مردان، نوشہرہ، سوات، چترال، کوہستان اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس کے باعث پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی اور مقامی سطح پر سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان میں 28 جولائی سے 6 اگست تک وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے، جبکہ بلوچستان کے شمال مشرقی اور جنوبی علاقوں میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ کوئٹہ، ژوب، خضدار، سبی، گوادر اور ملحقہ علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں 31 جولائی سے 2 اگست تک مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ مختلف اضلاع کو متاثر کر سکتا ہے۔ کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص، ٹھٹھہ اور دیگر علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے، شہری سیلاب، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی اور کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ شہریوں، سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، موسمی صورتحال پر نظر رکھنے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کا کہا گیا ہے۔

More News