ایف آئی اے پشاور زون کی کارروائی، پاکستانی شناختی کارڈ کے مبینہ فراڈ پر 4 افغان باشندے گرفتار
پشاور: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) پشاور زون نے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول میں مبینہ فراڈ کے الزام میں 4 افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (اے ایچ ٹی سی) پشاور نے شاہین ٹاؤن کے اسپن غر ہاسٹل میں کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو حراست میں لیا۔ کارروائی کے دوران گرفتار افراد سے پاکستانی قومی شناختی کارڈز کی نقول بھی برآمد ہوئیں۔
حکام کے مطابق گرفتار افغان باشندوں پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک ایجنٹ کی مدد سے مبینہ طور پر پاکستانی قومی شناختی کارڈ حاصل کیے۔ گرفتار ملزمان پاکستانی ویزا پیش کرنے میں بھی ناکام رہے۔
ایف آئی اے نے واقعے کا مقدمہ نمبر 208/2026 درج کر لیا ہے، جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ تفتیش کے دوران مبینہ فراڈ میں سہولت کاری کرنے والے ایجنٹ اور دیگر ممکنہ افراد کے کردار کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔








