بجٹ کیا ہے اور عوام سے اس کا کیا تعلق ہے؟

بجٹ کیا ہے اور عوام سے اس کا کیا تعلق ہے؟

پشاور(تحریرمجیب اللہ ) خیبرپختونخوا کے مالی سال 2026-27 کا بجٹ تقریباً 2.17 کھرب روپے ہے، جس میں سرکاری اخراجات کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں کے لیے بھی رقم مختص کی گئی ہے۔ سڑکیں، اسکول، اسپتال، پانی، ٹرانسپورٹ اور دیگر عوامی سہولیات اسی بجٹ کے ذریعے بہتر بنانے کی کوشش کی جاتی ہے۔

بجٹ کو آسان الفاظ میں حکومت کا سالانہ مالی منصوبہ کہا جا سکتا ہے، جس میں بتایا جاتا ہے کہ حکومت کے پاس کتنا پیسہ آئے گا اور اسے کہاں خرچ کیا جائے گا۔ جس طرح ایک گھر میں آمدنی اور اخراجات کا حساب رکھا جاتا ہے، اسی طرح حکومت پورے مالی سال کے لیے آمدنی اور اخراجات کا منصوبہ بناتی ہے۔

عام شہری کے لیے بجٹ اس لیے اہم ہے کیونکہ اس کا براہِ راست تعلق روزمرہ زندگی سے ہے۔ علاقے کی سڑک، پانی، سرکاری اسکول، اسپتال، ٹریفک اور دیگر بنیادی سہولیات پر خرچ ہونے والا پیسہ بھی عوامی بجٹ کا حصہ ہوتا ہے۔

پشاور کے لیے بھی مالی سال 2026-27 میں مختلف منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔ پشاور کی سڑکوں، ٹریفک اور شہری سہولیات کی بہتری کے منصوبے کے لیے تقریباً 36 ارب روپے جبکہ عوامی وائی فائی منصوبے کے لیے 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

تاہم صرف بجٹ میں رقم مختص کرنا کافی نہیں۔ شہریوں کے لیے یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ مختص رقم میں سے کتنی رقم خرچ ہوئی، کہاں خرچ ہوئی اور اس سے عوام کو کیا فائدہ پہنچا۔

معلومات تک رسائی شہریوں کو عوامی معاملات سے متعلق سرکاری معلومات حاصل کرنے کا حق دیتی ہے۔ بجٹ، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی پیسے کے استعمال سے متعلق معلومات بھی اسی حق کا اہم حصہ ہیں۔

ایک باخبر شہری کو صرف یہ نہیں پوچھنا چاہیے کہ بجٹ کتنا ہے؟ بلکہ یہ بھی جاننا چاہیے کہ اس کے علاقے کے لیے کیا رکھا گیا، کتنی رقم خرچ ہوئی، کہاں خرچ ہوئی اور اس کے نتیجے میں عوام کو کیا فائدہ ملا؟

بجٹ دراصل عوام کے پیسے کا منصوبہ ہے، اس لیے اس کی نگرانی اور متعلقہ معلومات حاصل کرنا شہریوں کے حق کے ساتھ ساتھ عوامی وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے بھی اہم ہے۔

More News