لاہور: غیرملکی لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی کیس، ایک اور خاتون گرفتار
لاہور کے علاقے ڈیفنس سی میں آذربائیجان سے تعلق رکھنے والی 20 سالہ لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے کیس میں پولیس نے سہولت کاری کے الزام میں خاتون مسکان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مسکان کو لاہور کے ایک پوش علاقے سے حراست میں لیا گیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی ڈیانا کی جوہر ٹاؤن کے ایک کیفے میں مسکان کے ساتھ موجودگی کی تصاویر بھی سامنے آئی ہیں، جبکہ تفتیشی ٹیمیں کیفے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت دیگر شواہد کا جائزہ لے رہی ہیں۔
کیس میں پولیس پہلے ہی مرکزی ملزمان محسن اور علی عزیل کو گرفتار کرچکی ہے، جبکہ تیسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش اور مزید شواہد کی بنیاد پر کیس کی تحقیقات آگے بڑھائی جا رہی ہیں۔
متاثرہ خاتون کا عدالت میں دفعہ 164 کے تحت بیان بھی قلمبند کیا جاچکا ہے، جبکہ ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں مبینہ زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے اور ڈی این اے کے نمونے بھی حاصل کیے گئے ہیں۔








