اسلام آباد: 26 نومبر احتجاج کیس میں عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف سمیت 4 وفاقی وزرا کے خلاف کارروائی کی درخواست مسترد کر دی۔
اسلام آباد: 26 نومبر احتجاج کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف سمیت چار وفاقی وزرا کے خلاف کارروائی کی درخواست خارج کر دی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ افضل مجوکا نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کی درخواست مسترد کر دی، جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کو عدالتی ریلیف مل گیا۔
سماعت کے دوران بیرسٹر گوہر علی خان اور ان کے وکیل خرم لطیف کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے اور درخواست کے حق میں دلائل دیے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ 26 نومبر کے احتجاج کے دوران پیش آنے والے واقعات کے تناظر میں وزیراعظم اور تین وفاقی وزرا کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور ان کے مبینہ کردار کی تحقیقات کرائی جائیں۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست کو ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دیا۔ فیصلے کے بعد وفاقی حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا معاملہ ختم ہو گیا۔







