بونیر میں پی ٹی آئی کی اسٹریٹ موومنٹ، سہیل آفریدی کا 27 ستمبر لانگ مارچ پر دوٹوک اعلان
بونیر میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی اسٹریٹ موومنٹ جاری رہی، جس میں پارٹی رہنماؤں، کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ 27 ستمبر کو اسلام آباد لانگ مارچ کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور مارچ مقررہ دن ہی ہوگا۔ انہوں نے کارکنوں کو تیاریاں شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود مارچ کی قیادت کریں گے۔
سہیل آفریدی نے دعویٰ کیا کہ بونیر کے عوام بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکن 27 ستمبر کے لیے مکمل تیاری کریں اور لاکھوں افراد اسلام آباد لے کر جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے عمران خان کے علاج کے معاملے پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود انہیں شفا ہسپتال منتقل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے عدلیہ سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
اسٹریٹ موومنٹ کے دوران بونیر کے ترقیاتی مسائل بھی زیر بحث آئے۔ مقامی کارکنوں نے شکوہ کیا کہ سیاسی حمایت کے باوجود ضلع کے لیے بڑے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان نہیں کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے تمباکو کاشتکاروں کی فصل کی فروخت کے حوالے سے اعلان کیا۔
دوسری جانب بعض کارکنوں نے احتجاج کے انتظامات پر شکایات کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی کے باعث کچھ افراد بے ہوش ہوئے، جبکہ موبائل فون چوری ہونے کی شکایات بھی سامنے آئیں۔








