بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف مہم جاری رکھیں گے، فیلڈ مارشل عاصم منیر
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھی جائیں گی اور دہشت گرد عناصر کو جہاں بھی موجود ہوں گے، نشانہ بنایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں خیبرپختونخوا کی سیکیورٹی صورتحال، جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، سرحدی انتظامات اور سیکیورٹی فورسز کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر انہوں نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے مسلسل چوکنا رہنے اور آپریشنل تیاریوں کا اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
فیلڈ مارشل نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کی حمایت سے پاکستان دہشت گردوں اور ان کے گمراہ کن نظریے کو مکمل شکست دے گا۔








