بینک تین دن بند رہیں گے، بڑی وجہ سامنے آگئی
اسلام آباد: پاکستان میں بینکوں اور مالیاتی اداروں میں رواں ہفتے مسلسل تین روز تعطیلات ہوں گی، جس کے باعث شہریوں کو برانچ سے متعلق ضروری کام پہلے مکمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق 14، 15 اور 16 اگست کو بینک، اسٹیٹ بینک اور اسٹاک ایکسچینج معمول کی کاروباری سرگرمیوں کے لیے بند رہیں گے۔
سرکلر کے مطابق جمعہ 14 اگست کو یومِ آزادی کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی، جبکہ 15 اور 16 اگست کو ہفتہ وار تعطیلات کے باعث بینکنگ اور مالیاتی اداروں میں معمول کی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔
تین روزہ تعطیلات کے دوران بینکوں کی فزیکل برانچز بند رہیں گی، اس لیے شہریوں کو نقد رقم نکلوانے، چیک جمع کرانے، بینک ڈرافٹ بنوانے یا برانچ سے متعلق دیگر ضروری امور تعطیلات سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تاہم صارفین کو مکمل طور پر بینکاری سہولیات سے محروم نہیں ہونا پڑے گا۔ تعطیلات کے دوران اے ٹی ایمز اور آن لائن بینکنگ سروسز فعال رہنے کا امکان ہے، جن کے ذریعے رقم نکلوانے، فنڈز منتقل کرنے، بلوں کی ادائیگی اور دیگر دستیاب ڈیجیٹل سہولیات استعمال کی جاسکیں گی۔





