مال روڈ واقعہ 27 ستمبر کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے، طلال چوہدری
اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ راولپنڈی مال روڈ پر پیش آنے والا واقعہ اس بات کا اشارہ ہے کہ 27 ستمبر کو بھی ایسا ہی ہوسکتا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان کو سیاسی عدم استحکام کا شکار نہیں ہونے دیں گے، اگر ایسا حملہ ہوا تو حملہ آور کے ہاتھ کاٹے جائیں گے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ نفرت اور انتشار کی سیاست کے باعث 9 مئی کا واقعہ پیش آیا اور اسی سوچ کے نتیجے میں مال روڈ کا واقعہ سامنے آیا۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی اپنے بیانات اور تقریروں میں نفرت اور انتشار کو ہوا دیتے رہے ہیں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کو نفرت اور انتشار کی سیاست سے گریز اور نوجوانوں کے ذہنوں میں نفرت نہ بھرنے کا کہا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی قیادت یہ کہہ کر بری الذمہ نہیں ہوسکتی کہ واقعے میں ملوث کارکن سے ان کا کوئی تعلق نہیں، جبکہ دوسری جانب اسی کا دفاع بھی کیا جارہا ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ پی ٹی آئی آہستہ آہستہ خود کو ہی مائنس کررہی ہے اور سیاسی انتشار کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔





