بی آر ٹی پشاور کے لیے 52 نئی بسوں کی ترسیل مکمل، تعداد 296 ہوگئی

بی آر ٹی پشاور کے لیے 52 نئی بسوں کی ترسیل مکمل، تعداد 296 ہوگئی

پشاور: بی آر ٹی پشاور کے لیے خریدی گئی تمام 52 نئی بسوں کی ترسیل مکمل ہوگئی ہے، جس کے بعد سروس میں شامل بسوں کی مجموعی تعداد 296 ہوگئی ہے۔

ٹرانس پشاور کے مطابق مزید 27 نئی بسیں جمعہ کی صبح چمکنی ڈپو پہنچ گئیں، جبکہ گزشتہ ماہ 25 نئی بسیں پشاور لائی گئی تھیں۔ اس طرح بی آر ٹی کے لیے خریدی گئی تمام نئی بسیں شہر پہنچ چکی ہیں۔

ٹرانس پشاور کا کہنا ہے کہ نئی بسوں کی شمولیت سے مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ بسوں کی تعداد میں اضافے سے موجودہ سروس کو بہتر بنانے کے ساتھ نئے روٹس شروع کرنے کے امکانات بھی بڑھیں گے۔

ترجمان ٹرانس پشاور کے مطابق سوشل میڈیا پر نئی بسوں کی نقل و حمل سے متعلق ویڈیوز کو گمراہ کن انداز میں پیش کیا گیا۔ ادارے نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے دعوؤں کے برعکس بسیں پشاور سے باہر نہیں لے جائی جا رہی تھیں بلکہ شہر میں لائی جا رہی تھیں۔

ٹرانس پشاور کے مطابق تمام 52 نئی بسوں کی آمد سے سوشل میڈیا پر کیے جانے والے دعوؤں کی حقیقت واضح ہوگئی ہے۔ نئی بسوں کی شمولیت سے بی آر ٹی کے نظام میں بہتری اور مسافروں کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

More News