تاروجبہ میں غیر قانونی آئل گوداموں کے خلاف کارروائی، دو گودام سیل
نوشہرہ: تاروجبہ میں غیر قانونی آئل گوداموں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر پبی مریم حمید نے شہید روڈ علی بیگ کے علاقے میں قائم دو گوداموں کا اچانک معائنہ کیا اور انہیں سیل کردیا۔
انتظامیہ کے مطابق دونوں گوداموں میں ایک ٹینکر سے دوسرے ٹینکر اور گیلنوں میں پٹرول منتقل کیا جا رہا تھا، جسے قوانین کی خلاف ورزی اور خطرناک سرگرمی قرار دیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر پبی نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے دونوں گودام سیل کردیئے۔
عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ صرف گودام سیل کرنے کے بجائے غیر قانونی آئل کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں اور غیر قانونی طور پر ذخیرہ کیا گیا پٹرول اور دیگر سامان بھی ضبط کیا جائے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا کہ سیل کیے گئے گودام دوبارہ کھولنے کی صورت میں ذمہ دار افراد اور متعلقہ اہلکاروں کا تعین کیا جائے تاکہ کسی بڑے حادثے سے قبل خطرناک غیر قانونی کاروبار کا خاتمہ یقینی بنایا جاسکے





