ترکیہ کے یوم فتح کی 104ویں سالگرہ، جی ایچ کیو میں خصوصی تقریب
ترکیہ کے یوم فتح کی 104ویں سالگرہ کے موقع پر جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تقریب میں ترک سفیر عرفان نذیر اوغلو نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ پاک فوج کے افسران، ترک سفارتخانے کے حکام اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔
تقریب کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات، قریبی دوطرفہ روابط اور دفاعی تعاون کو اجاگر کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور ایک دوسرے کے لیے غیرمتزلزل حمایت پر مبنی ہیں۔
اس موقع پر ترک مسلح افواج کی بہادری، قربانیوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ پاک فوج کی جانب سے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون طویل عرصے سے جاری ہے، جبکہ مختلف سطحوں پر عسکری روابط، مشترکہ مشقیں اور وفود کے تبادلے بھی ہوتے رہتے ہیں۔
ترکیہ کے 104ویں یوم فتح کے موقع پر آئی ایس پی آر نے پاک ترک دوستی کے جذبے سے بھرپور خصوصی نغمہ ’’دو دل، ایک جان‘‘ بھی جاری کیا۔
نغمے میں پاکستانی فنکاروں نے اردو اور ترک زبان میں آواز کا جادو جگایا، جس میں پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی برادرانہ تعلقات، مشترکہ ثقافت، باہمی محبت اور دوطرفہ دوستی کی خوبصورت عکاسی کی گئی ہے۔
جی ایچ کیو میں منعقدہ تقریب نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور دیرینہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور ترکیہ باہمی تعاون بالخصوص دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔







