تمام طبقات متحد ہوکر انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خلاف کھڑے ہوں،گورنر خیبرپختونخوا
پشاور میں امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ گورنر ہاؤس کے دروازے پیغامِ امن کے لیے کھول دیے ہیں، ریاست دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کرسکتی ہے تاہم دہشت گردی اور انتہاپسندی کا مکمل خاتمہ علم و فکر کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے علماء و مشائخ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو گمراہ کن عناصر سے بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ایک عالمِ دین محبت اور شفقت کے ساتھ ایک نوجوان کی رہنمائی کرے تو پوری نسل بدل سکتی ہے۔ امن کا قیام اور نوجوانوں کا تحفظ کسی ایک ادارے کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہم سب کا مشترکہ کام ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ تمام طبقات متحد ہوکر انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خلاف کھڑے ہوں۔ ایک سال قبل پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی، جس میں چار دنوں کے اندر دشمن کو شکست دی گئی۔ پاکستان امن کا ملک ہے اور آج امریکی صدر بھی کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل اور وزیراعظم نے جنگ رکوائی۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے معاملے میں دونوں فریقوں کو مذاکرات کی میز پر لانے میں بھی کردار ادا کیا گیا، جس میں فیلڈ مارشل کا اہم کردار ہے۔ خیبرپختونخوا میں امن قائم ہوجائے تو کوئی صوبہ ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دشمن یہ پروپیگنڈا کرتے ہیں کہ معدنیات کی وجہ سے فوج خیبرپختونخوا میں موجود ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں کون سی معدنیات ہیں؟ انہوں نے کہا کہ افغان شہریوں کی واپسی کے حوالے سے سوال اٹھانے والوں کو سمجھنا چاہیے کہ غیر قانونی طور پر کسی ملک میں رہنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ دنیا کے کس ملک میں پاکستانی شہری بغیر ویزے کے رہ سکتے ہیں؟







