سرکاری وسائل کے سیاسی استعمال کے خلاف توہینِ عدالت کیس، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے 14 روز میں جواب طلب
پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے سیاسی سرگرمیوں کے لیے سرکاری وسائل کے مبینہ استعمال کے خلاف توہینِ عدالت کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 روز میں جواب طلب کرلیا۔
پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا، جس کے مطابق عدالت نے وزیراعلیٰ کو نوٹس جاری کیا، جبکہ عدالت میں موجود ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے نوٹس وصول کیا۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سیاسی سرگرمیوں کے لیے سرکاری وسائل استعمال کر رہے ہیں۔ وکیل کے مطابق وزیراعلیٰ نے لکی مروت میں لانگ مارچ کے لیے سرکاری ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیا۔
درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ پشاور ہائیکورٹ نے نومبر 2025 میں سیاسی اجتماعات کے لیے سرکاری وسائل کے استعمال پر پابندی عائد کی تھی، تاہم درخواست گزار کے مطابق اس پابندی کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔
درخواست میں سرکاری وسائل کے مبینہ سیاسی استعمال کو عدالتی احکامات کے منافی قرار دیتے ہوئے معاملے پر کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔
عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید کارروائی کے لیے آئندہ مراحل مقرر کرنے کی ہدایت کی ہے۔








