تھانہ آبپارہ کی اپ گریڈیشن مکمل، محسن نقوی نے افتتاح کر دیا
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تھانہ آبپارہ کی اپ گریڈیشن کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر انہوں نے تھانے کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
محسن نقوی نے ایس ایچ او آفس، ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی (ڈی آر سی)، انکوائری آفس، ویٹنگ ایریا اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے تھانے کے مختلف کاؤنٹرز پر شہریوں کے لیے دستیاب سہولیات بھی دیکھیں اور سائلین کو فراہم کی جانے والی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی اور شہریوں کے مسائل کے حل میں کمیٹی کے کردار کو سراہا۔ انہیں تھانے کی اپ گریڈیشن اور نئے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ تھانے کی اپ گریڈیشن کا مقصد عوام کو جدید، باوقار اور عوام دوست پولیسنگ کا ماحول فراہم کرنا ہے۔ سائلین کی داد رسی کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور ہر شہری کی درخواست پر قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ کسی شہری کو ایف آئی آر کے اندراج میں بلاوجہ تاخیر یا مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ تھانوں میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، احترام اور ذمہ دارانہ رویہ اپنایا جائے۔








