تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی ملک کے لئے سب سے بڑا چیلنج ہے، وزیراعظم

تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی ملک کے لیے سب سے بڑا چیلنج، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش سب سے بڑے قومی چیلنجز میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی سرفہرست ہے، جس پر مؤثر انداز میں قابو پائے بغیر پائیدار ترقی، معاشی استحکام اور عوامی فلاح کے اہداف حاصل کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے آبادی میں توازن کو قومی ترقی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ بہبودِ آبادی کے اقدامات کو قومی ترجیح بنایا جائے اور اس حوالے سے ایک جامع اور مؤثر حکمت عملی پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت بہبودِ آبادی سے متعلق ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی، مستقبل کی منصوبہ بندی اور نیشنل پاپولیشن کونسل کے آئندہ اجلاس کی تیاریوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے حکام نے وزیراعظم کو مختلف منصوبوں اور جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آبادی میں غیر متوازن اضافہ نہ صرف معاشی وسائل پر دباؤ بڑھاتا ہے بلکہ تعلیم، صحت، روزگار، رہائش، خوراک اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی متاثر کرتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی ترقی، انسانی وسائل کی بہتری اور معاشی استحکام کے ساتھ ہم آہنگ کیا جائے تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے بہتر مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکے۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ نیشنل اسٹیبلائزیشن پلان 2026 تا 2035 کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے، جس میں آبادی میں اضافے کی رفتار کم کرنے، خاندانی منصوبہ بندی کو فروغ دینے، عوامی شعور بیدار کرنے اور صحت کی سہولیات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے واضح اہداف اور عملی اقدامات شامل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے لیے صرف حکومتی اقدامات کافی نہیں بلکہ اس مقصد کے لیے عوامی آگاہی مہم بھی انتہائی ضروری ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ میڈیا، تعلیمی اداروں، مذہبی رہنماؤں اور سول سوسائٹی کو بھی اس قومی مہم کا حصہ بنایا جائے تاکہ عوام میں ذمہ دارانہ خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق شعور پیدا ہو۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ نیشنل پاپولیشن کونسل کا اجلاس جلد طلب کیا جائے گا، جس میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی قیادت، متعلقہ وزارتوں، ماہرین اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو شریک کیا جائے گا تاکہ آبادی سے متعلق قومی پالیسی پر اتفاق رائے پیدا کیا جا سکے۔

بریفنگ کے دوران حکام نے آگاہ کیا کہ نیشنل پاپولیشن کونسل سیکریٹریٹ کے آپریٹنگ طریقہ کار کو حتمی شکل دی جا چکی ہے جبکہ نیشنل اسٹیبلائزیشن پلان 2026 تا 2035 پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اس منصوبے کا مقصد ملک میں آبادی کے بڑھنے کی رفتار کو متوازن بنانا، وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا اور پائیدار ترقی کے قومی اہداف کے حصول میں معاونت فراہم کرنا ہے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مکمل تعاون اور مؤثر رابطے کے ذریعے آبادی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے گی تاکہ پاکستان کو ایک خوشحال، متوازن اور ترقی یافتہ ملک بنایا جا سکے۔

More News