جاپان کا پاکستان میں ٹی بی اسکریننگ کے لیے 21 ملین ین کی گرانٹ کا اعلان
نجی فاؤنڈیشن اسلام آباد، راولپنڈی اور چکوال میں موبائل ہیلتھ یونٹ تعینات کرے گی
اسلام آباد: جاپانی حکومت نے پاکستان میں تپِ دق (ٹی بی) کی اسکریننگ کے لیے آلات اور گاڑی کی خریداری کے لیے ڈوپسی فاؤنڈیشن کو 21 ملین ین، تقریباً 1 لاکھ 42 ہزار 500 امریکی ڈالر کی گرانٹ فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
گرانٹ کے معاہدے پر یکم ستمبر 2026 کو پاکستان میں جاپان کے سفیر اکامٹسو شیوچی اور ڈوپسی فاؤنڈیشن کے نمائندے نے دستخط کیے۔
ڈوپسی فاؤنڈیشن گزشتہ کئی برس سے پاکستان کی پسماندہ اور کم سہولیات رکھنے والی کمیونٹیز کو بنیادی صحت کی خدمات فراہم کر رہی ہے۔ منصوبے کے تحت فاؤنڈیشن اسلام آباد، راولپنڈی اور ضلع چکوال میں مکمل طور پر لیس موبائل ہیلتھ یونٹ تعینات کرے گی۔
موبائل ہیلتھ یونٹ کے ذریعے پسماندہ آبادیوں کو ڈیجیٹل چیسٹ ریڈیوگرافی، ٹی بی اسکریننگ، خاندانی منصوبہ بندی کی مشاورت اور بنیادی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
منصوبے میں ٹی بی کی تشخیص کے لیے کمپیکٹ ایکسرے سسٹم اور مصنوعی ذہانت (AI) ٹیکنالوجی بھی استعمال کی جائے گی۔ اس اقدام کے تحت سالانہ تقریباً 20 ہزار افراد کو معیاری طبی اسکریننگ کی سہولت فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
جاپانی سفیر اکامٹسو شیوچی نے کہا کہ بیماری کی بروقت تشخیص زندگیوں کو بچانے اور خاندانوں کو صحت کے خطرات سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان میں ٹی بی کی اسکریننگ اور بنیادی صحت کی سہولیات تک رسائی بہتر بنانے کے ساتھ جاپان اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں بھی کردار ادا کرے گا۔
اس اقدام سے ان پسماندہ آبادیوں کو طبی سہولیات تک رسائی میں مدد ملنے کی توقع ہے جہاں روایتی صحت مراکز تک پہنچنا مشکل ہے۔






