پمز پر مریضوں کا بوجھ کم کرنے کیلئے ٹیلی میڈیسن سینٹر قائم کرنے کا اعلان

پمز پر مریضوں کا بوجھ کم کرنے کیلئے ٹیلی میڈیسن سینٹر قائم کرنے کا اعلان

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے پینل اسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت سے متعلق عوامی آگاہی بڑھانے کی ہدایت کردی

اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے پمز اسپتال پر مریضوں کا بوجھ کم کرنے کے لیے ٹیلی میڈیسن سینٹر قائم کرنے کا اعلان کردیا۔

وفاقی وزیر صحت نے پمز اسپتال کا دورہ کیا اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سرکاری اسپتالوں میں فائر سیفٹی آڈٹ کی پیشرفت اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔

اجلاس کے دوران پمز اسپتال میں مریضوں اور طبی عملے کے لیے بہتر کولنگ سسٹم کی فراہمی کے حوالے سے بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ایچ وی اے سی (HVAC) نظام کی کارکردگی اور بہتری کے اقدامات پر غور کیا گیا۔

مصطفیٰ کمال نے ہدایت کی کہ پمز اسپتال میں مریضوں اور عملے کو بہتر ماحول فراہم کرنے کے لیے کولنگ سسٹم کو مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے چلڈرن اسپتال میں بھی مؤثر کولنگ کے لیے جدید ایچ وی اے سی نظام یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹیلی میڈیسن سینٹر کے قیام سے معمولی اور ابتدائی نوعیت کے طبی مسائل کے لیے مریضوں کو ہر بار پمز کا رخ کرنے کی ضرورت کم ہوگی، جس سے اسپتال پر مریضوں کا دباؤ کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

اجلاس میں پینل اسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت کے حوالے سے بھی عوامی آگاہی بڑھانے کی ہدایت کی گئی تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری ان سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔

وزیر صحت نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ حفاظتی اقدامات اور بنیادی سہولیات کو بھی ترجیح دی جائے۔

More News