جاپان کا پاکستان کو سیلاب سے بچاؤ کے لیے 2.6 ارب ین گرانٹ دینے کا اعلان

جاپان کا پاکستان کو سیلاب سے بچاؤ کے لیے 2.6 ارب ین گرانٹ دینے کا اعلان

جاپان نے پاکستان میں سیلاب سے بچاؤ اور حفاظتی اقدامات کو مضبوط بنانے کے لیے 2.6 ارب جاپانی ین کی گرانٹ فراہم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ گرانٹ کے تحت سندھ میں دریائے سندھ سے ملحقہ سیلاب زدہ علاقوں میں حفاظتی بندوں کو مضبوط بنانے اور دریا کے کناروں کو کٹاؤ سے محفوظ رکھنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جائیں گے۔

گرانٹ سے متعلق دستاویزات پر اسلام آباد میں جاپانی سفیر اکاماتسو شوئیچی اور وزارت اقتصادی امور کے سیکریٹری محمد حمیر کریم نے دستخط کیے اور دستاویزات کا تبادلہ کیا۔ بعد ازاں منصوبے کے گرانٹ معاہدے پر جائیکا پاکستان کے سینئر نمائندے سوگاوارا تاکایوکی اور وزارت اقتصادی امور کی ایڈیشنل سیکریٹری صبیحہ قریشی نے دستخط کیے۔

منصوبے کے تحت سندھ کے ضلع لاڑکانہ میں دریائے سندھ سے ملحقہ علاقوں کے حفاظتی بندوں کو مضبوط بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ دریا کے کناروں پر ہونے والے کٹاؤ کی روک تھام کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ سیلاب کے دوران آبادیوں اور زرعی علاقوں کو ممکنہ نقصانات سے محفوظ رکھا جاسکے۔

جاپان کے تعاون سے حفاظتی بندوں کی تعمیر و مضبوطی کے لیے مضبوط کنکریٹ پر مبنی جدید طریقہ اختیار کیا جائے گا، جو پاکستان میں نسبتاً کم استعمال ہوتا ہے۔ جدید ڈیزائن اور تعمیراتی تکنیک کے ذریعے بندوں کے ٹوٹنے کے خطرے کو کم کرنے اور شدید سیلاب کی صورت میں ان کی مزاحمت بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق اس منصوبے سے لاڑکانہ ریجن کے تقریباً 7 لاکھ 90 ہزار افراد کو سیلاب کے خطرات سے تحفظ ملنے کی توقع ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے زیر آب آنے والے علاقوں میں کمی کے ساتھ ساتھ سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے معاشی نقصانات کو بھی محدود کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

جاپانی سفیر اکاماتسو شوئیچی نے کہا کہ پاکستان کو 2022 میں تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد جاپان بحالی اور تعمیر نو کے لیے پاکستان کی معاونت جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات سے قبل مؤثر حفاظتی اقدامات جاپان کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

جائیکا پاکستان کے سینئر نمائندے سوگاوارا تاکایوکی کے مطابق کنکریٹ سے حفاظتی بندوں کو مضبوط بنانے کے طریقے کی ابتدائی لاگت زیادہ ہوسکتی ہے، تاہم یہ زیادہ پائیدار اور طویل المدتی فوائد کا حامل ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ منصوبہ صرف مضبوط حفاظتی بندوں کی تعمیر تک محدود نہیں بلکہ اس کا مقصد انسانی جانوں، روزگار اور آبادیوں کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے مستقبل کے لیے زیادہ مضبوط اور سیلاب سے محفوظ سندھ کی بنیاد رکھنا ہے۔

More News