حج پورٹل کے ذریعے 11 ہزار 600 پرائیویٹ عازمین کی بکنگ مکمل

حج پورٹل کے ذریعے 11 ہزار 600 پرائیویٹ عازمین کی بکنگ مکمل

اسلام آباد: حج پورٹل کے ذریعے پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت اب تک 11 ہزار 600 عازمین کی بکنگ مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ پرائیویٹ حج اسکیم کی مزید 60 ہزار نشستیں تاحال دستیاب ہیں۔

وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق حج پورٹل پر رجسٹرڈ اور منظم حج کمپنیوں کی جانب سے مختلف نوعیت کے حج پیکیجز فراہم کیے جا رہے ہیں، جن میں اکانومی، اسٹینڈرڈ اور پریمیم پیکیجز شامل ہیں۔ عازمین اپنی ضرورت اور بجٹ کے مطابق دستیاب پیکیجز میں سے انتخاب کر سکتے ہیں۔

ترجمان کے مطابق حج پورٹل کے ذریعے 25 منظم حج کمپنیوں کے اکاؤنٹس میں واجبات کی مد میں مجموعی طور پر 10 ارب روپے موصول ہو چکے ہیں، جبکہ نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تیار کردہ حج پورٹل کے ذریعے 4 ارب روپے سے زائد رقم آن لائن جمع کرائی گئی ہے۔

وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کو ادائیگیوں کے حوالے سے خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ وزارت کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ حج واجبات کی ادائیگی کے لیے صرف ’پاک حج ایپ‘ یا ’حج پورٹل‘ استعمال کیا جائے۔

وزارت نے خبردار کیا ہے کہ عازمین حج کسی غیر مجاز فرد یا کمپنی کو براہ راست رقم جمع نہ کرائیں، تاکہ ممکنہ فراڈ یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

ترجمان مذہبی امور کے مطابق پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت بکنگ کا عمل نشستوں کی دستیابی تک جاری رہے گا، جبکہ بکنگ کی آخری تاریخ 20 نومبر مقرر کی گئی ہے۔

وزارت مذہبی امور نے عازمین کو مشورہ دیا ہے کہ حج پیکیج اور ادائیگی سے متعلق تمام معاملات میں صرف مجاز ذرائع اور رجسٹرڈ حج کمپنیوں سے رابطہ کریں۔

More News