حکومت کا چھوٹی صنعتوں کو عالمی منڈیوں تک رسائی دینے کے لیے اقدامات کا فیصلہ
اسلام آباد: حکومت نے چھوٹی اور درمیانی صنعتوں (ایس ایم ایز) کی برآمدات بڑھانے اور انہیں عالمی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے ایس ایم ایز کی برآمدات سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چھوٹے برآمد کنندگان کی جانب سے برآمدی قرضوں کی سہولت سے فائدہ نہ اٹھانے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اسٹیٹ بینک اور ایکسپورٹ امپورٹ بینک کو چھوٹے برآمد کنندگان تک رسائی بڑھانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں چھوٹی صنعتوں کو قرضوں کی فراہمی، مالی مشکلات کے خاتمے اور حکومتی مراعات سے آگاہ کرنے کے لیے خصوصی مہم چلانے کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر بین الاقوامی تجارتی نمائشوں میں شرکت، جدید مشینری کے حصول میں مشکلات، آئی ٹی اور سافٹ ویئر کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع اور زرعی و غذائی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے پر بھی غور کیا گیا۔
بلال اظہر کیانی نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو برآمد کنندگان کی تجاویز پر مشترکہ اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ چھوٹی صنعتوں کو مالی اور انتظامی رکاوٹوں سے نکالنے کے لیے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔








