حیات آباد نرسنگ کالج واقعہ، 3 رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم

حیات آباد نرسنگ کالج واقعہ، 3 رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم

پشاور کے پوسٹ گریجویٹ کالج آف نرسنگ حیات آباد میں پیش آنے والے حالیہ واقعے کی وجوہات اور حالات کا تعین کرنے کے لیے محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے 3 رکنی فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کمیٹی قائم کردی۔

محکمہ صحت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی واقعے کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے گی، حقائق سامنے لائے گی اور ذمہ دار افراد کا تعین کرکے مناسب کارروائی کے لیے اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کی سربراہی محکمہ صحت کے اسپیشل سیکرٹری کریں گے، جبکہ ڈائریکٹر جنرل پی ایچ ایس اے خیبر پختونخوا اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز خیبر پختونخوا کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔

محکمہ صحت نے تحقیقاتی کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ نرسنگ کالج میں پیش آنے والے واقعے کے پس منظر، اس کی وجوہات اور واقعے سے قبل پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے۔ کمیٹی اس بات کا بھی تعین کرے گی کہ واقعے تک حالات کس طرح پہنچے اور اس دوران کون سے عوامل نے صورتحال کو متاثر کیا۔

انکوائری کمیٹی کالج انتظامیہ اور احتجاج کرنے والے طلبہ کے درمیان پیدا ہونے والی صورتحال کا بھی جائزہ لے گی۔ اس کے علاوہ واقعے کے نتیجے میں پیش آنے والے واقعات کی مکمل کڑی کو سامنے لانے کی کوشش کی جائے گی تاکہ کسی بھی اہم پہلو کو نظر انداز نہ کیا جائے۔

تحقیقاتی عمل کے دوران کالج انتظامیہ، احتجاج کرنے والے طلبہ، عینی شاہدین اور واقعے سے متعلق دیگر افراد کے بیانات بھی قلمبند کیے جائیں گے۔ کمیٹی دستیاب ریکارڈ اور متعلقہ شواہد کا جائزہ لے کر واقعے کے حقائق مرتب کرے گی۔

محکمہ صحت نے کمیٹی کو یہ ذمہ داری بھی سونپی ہے کہ وہ اس بات کا تعین کرے کہ واقعے کے دوران کسی قانون، ضابطے، قواعد یا سرکاری طریقہ کار کی خلاف ورزی ہوئی یا نہیں۔

کمیٹی تحقیقات مکمل کرنے کے بعد ذمہ دار افراد کی نشاندہی کرے گی اور ان کے خلاف مناسب کارروائی سے متعلق سفارشات پیش کرے گی۔ ساتھ ہی مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام اور ادارے میں نظم و ضبط بہتر بنانے کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق تجاویز بھی دی جائیں گی۔

محکمہ صحت کے مطابق فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کا مقصد واقعے کے تمام پہلوؤں کو غیر جانب دارانہ طور پر جانچنا اور حقائق کی بنیاد پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنا ہے۔

More News