خاتون صحافی ربیعہ احسن قتل کیس، ملزم احسن طاہر کا لاہور میں ڈی این اے ٹیسٹ مکمل
راولپنڈی میں خاتون صحافی اور نیوز اینکر ربیعہ احسن کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مقتولہ کے شوہر اور کیس میں نامزد ملزم احسن طاہر کا لاہور میں ڈی این اے ٹیسٹ مکمل کر لیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے قتل کی تحقیقات کو آگے بڑھانے کے لیے فرانزک شواہد اکٹھے کرنے کا عمل جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق احسن طاہر کو پولیس ٹیم کی نگرانی میں لاہور منتقل کیا گیا، جہاں پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری میں ان کے ڈی این اے کے نمونے حاصل کیے گئے۔ ان نمونوں کا مقصد جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کے ساتھ موازنہ کرنا اور واقعے سے متعلق اہم حقائق کی تصدیق کرنا ہے۔
تفتیشی حکام کی جانب سے کیس میں دیگر فرانزک شواہد کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں جائے وقوعہ سے حاصل ہونے والے نمونے، مقتولہ کے زیر استعمال موبائل فونز اور دیگر اہم اشیا کو بھی تحقیقات کا حصہ بنایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ خاتون صحافی ربیعہ احسن 8 نومبر کو راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد میں اپنے گھر میں گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی تھیں۔ واقعے کے بعد مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، جس میں ان کے شوہر احسن طاہر کو نامزد کیا گیا تھا۔
واقعے کے بعد پولیس نے احسن طاہر کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کی تھی۔ ملزم نے ابتدائی مؤقف میں واقعے کو اتفاقی فائرنگ کا نتیجہ قرار دیا تھا، تاہم پولیس مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔
اس سے قبل ملزم کا پولی گرافک ٹیسٹ بھی کرایا گیا تھا، جبکہ اب ڈی این اے ٹیسٹ کی تکمیل کے بعد فرانزک رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ڈی این اے رپورٹ اور دیگر دستیاب شواہد کی روشنی میں تحقیقات کو آگے بڑھایا جائے گا تاکہ قتل کے واقعے کی اصل وجوہات اور ذمہ داری کا تعین کیا جا سکے۔ تاحال کیس میں کسی حتمی نتیجے کا اعلان نہیں کیا گیا۔








