خاتون نے شارک سے لڑ کر جان بچالی، مگر ایک بازو سے محروم ہوگئیں
آسٹریلیا میں 34 سالہ خاتون نے گریٹ وائٹ شارک کے حملے کے دوران ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل مکے مار کر اپنی جان بچالی، تاہم حملے میں وہ ایک بازو سے محروم ہوگئیں۔
آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے کوگی بیچ پر 13 جون 2026 کو پیش آنے والے شارک حملے نے سب کو حیران کردیا، جب 34 سالہ ٹیچر لیا اسٹیورٹ نے خطرناک گریٹ وائٹ شارک کا سامنا کرتے ہوئے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کیا۔
لیا اسٹیورٹ اس وقت ساحل کے قریب تیر رہی تھیں جب اچانک شارک نے ان پر حملہ کردیا۔ خاتون کے مطابق شارک ان کے چہرے سے تقریباً 30 سینٹی میٹر کے فاصلے پر آگئی اور اس نے اپنا منہ کھولنا شروع کردیا۔ اس لمحے انہیں اندازہ ہوا کہ اگر انہوں نے مزاحمت نہ کی تو شارک ان کے چہرے یا سر کو نشانہ بنا سکتی ہے۔
خاتون نے فوری طور پر بائیں بازو سے شارک کو زور دار مکے مارنے شروع کردیے۔ ان کے مطابق ایسا محسوس ہورہا تھا جیسے وہ کسی اینٹوں کی دیوار پر مکے مار رہی ہوں، تاہم انہوں نے ہمت نہ ہاری اور مسلسل مزاحمت کرتی رہیں۔
شارک نے ان کے بائیں بازو اور ران کو کاٹ لیا، تاہم کچھ دیر بعد مدد پہنچ گئی اور انہیں ساحل تک لایا گیا۔ حملے کے بعد لیا اسٹیورٹ کی حالت انتہائی تشویشناک رہی اور انہیں دو ہفتوں سے زائد عرصے تک علاج اور انتہائی نگہداشت کی ضرورت پڑی۔
شدید زخمی ہونے کے باوجود خاتون کی سب سے بڑی فکر اپنی ایک سالہ بیٹی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ مشکل ترین لمحات میں بھی انہیں اپنی بیٹی کا خیال آتا رہا اور یہی احساس انہیں زندگی کی امید دیتا رہا۔
لیا اسٹیورٹ نے کہا کہ حملے کے نتیجے میں وہ اپنا ایک بازو کھو چکی ہیں، لیکن وہ ہمت نہیں ہاریں گی۔ ان کے مطابق انہیں زندگی کی دوسری فرصت ملی ہے اور وہ اسے بھرپور انداز میں گزارنے کی کوشش کریں گی۔






