پشاور: خیبر روڈ پر بی آر ٹی فیڈر روٹ شروع نہ ہونے کے خلاف درخواست، ہائیکورٹ نے چیف سیکرٹری اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ سے جواب طلب کر لیا
پشاور ہائیکورٹ نے خیبر روڈ پر بی آر ٹی فیڈر روٹ یا شٹل سروس شروع نہ کیے جانے کے خلاف دائر درخواست پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور سیکرٹری ماس ٹرانزٹ اینڈ ٹرانسپورٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک جواب طلب کر لیا ہے۔
درخواست کی سماعت جسٹس وقار احمد اور جسٹس انعام اللہ خان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔ درخواست پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ خیبر روڈ شہر کی اہم شاہراہ ہے جہاں پشاور ہائیکورٹ، جوڈیشل کمپلیکس سمیت متعدد سرکاری و نجی دفاتر واقع ہیں، تاہم اس اہم علاقے کے لیے تاحال بی آر ٹی فیڈر روٹ یا شٹل سروس فراہم نہیں کی گئی۔
پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر امین الرحمن نے عدالت کو بتایا کہ بی آر ٹی کا مرکزی کوریڈور خیبر روڈ سے زیادہ فاصلے پر نہیں اور اس کے دو اسٹیشن بھی قریب واقع ہیں، اس کے باوجود وہاں سے عدالتوں اور دیگر اہم اداروں تک فیڈر سروس کا کوئی انتظام موجود نہیں۔
انہوں نے کہا کہ فیڈر سروس نہ ہونے کی وجہ سے وکلا، سائلین، بزرگ شہریوں، خواتین اور معذور افراد کو روزانہ طویل فاصلہ پیدل طے کرنا پڑتا ہے، جس سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بھی تقریباً آٹھ ماہ قبل اس روٹ پر شٹل یا فیڈر سروس شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، لیکن تاحال اس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔
عدالت نے درخواست پر ابتدائی سماعت کے بعد چیف سیکرٹری اور سیکرٹری ماس ٹرانزٹ اینڈ ٹرانسپورٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے تفصیلی جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 18 اگست تک ملتوی کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو آئندہ سماعت پر اپنا مؤقف پیش کرنے کی ہدایت کی۔








