کوئٹہ کان حادثہ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا اظہارِ افسوس، متاثرہ خاندانوں سے مکمل تعاون کی یقین دہانی
پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کوئٹہ میں کوئلے کی کان میں ہونے والے دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق مزدوروں کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حادثے کے وقت کان میں خیبرپختونخوا، بالخصوص ضلع شانگلہ سے تعلق رکھنے والے متعدد مزدور موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اس مشکل وقت میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
محمد سہیل آفریدی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ متاثرہ خاندانوں سے مسلسل رابطہ رکھا جائے اور ان کی ہر ممکن مدد یقینی بنائی جائے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور جاں بحق افراد کی میتوں کو باعزت طریقے سے ان کے آبائی علاقوں تک منتقل کرنے کے لیے تمام ضروری انتظامات کرنے کی درخواست کی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس موقع پر ہر ممکن تعاون اور تمام ضروری اقدامات یقینی بنانے کی یقین دہانی کرائی۔







