کوئٹہ کی کوئلہ کان میں زہریلی گیس دھماکہ، شانگلہ کے 32 مزدور جاں بحق، علاقے میں سوگ کی فضا
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے سورینج علاقے میں واقع کوئلہ کان میں زہریلی گیس کے دھماکے کے نتیجے میں شانگلہ سے تعلق رکھنے والے 32 محنت کش مزدور جاں بحق ہوگئے۔ افسوسناک واقعے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 30 مزدوروں کی لاشیں کان سے نکال کر آبائی ضلع شانگلہ روانہ کر دیں، جبکہ مزید دو مزدوروں کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے مزدوروں میں ایک ہی خاندان کے تین سگے بھائی اور ان کے چچا بھی شامل ہیں، جبکہ ایک دوسرے خاندان کے دو بھائی بھی اس المناک حادثے میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ حادثے کے باعث شانگلہ کے مختلف علاقوں میں شدید غم و افسوس کی فضا چھا گئی ہے اور متاثرہ خاندانوں میں کہرام مچ گیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ کوئلہ کان میں زہریلی گیس بھر جانے کے باعث پیش آیا، جس کے نتیجے میں مزدور اندر ہی پھنس گئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے کئی گھنٹوں تک امدادی کارروائیاں جاری رکھیں اور لاشوں کو نکالنے کا عمل مکمل کیا، جبکہ باقی دو مزدوروں کی تلاش کے لیے آپریشن بدستور جاری ہے۔
واقعے کے بعد مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ جاں بحق مزدوروں کے لواحقین نے حکومت سے مالی امداد اور کوئلہ کانوں میں حفاظتی اقدامات مؤثر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔







