خیبرپختونخوا حکومت کی سندھ میں اسٹریٹ موومنٹ کی تیاریاں، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی قیادت کریں گے
پشاور: خیبرپختونخوا حکومت اور تحریک انصاف کی مرکزی و صوبائی قیادت نے سندھ میں اسٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کی تیاریاں مکمل کرلیں، جس کی قیادت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کریں گے۔
وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور تحریک انصاف کی قیادت سندھ میں عوامی رابطہ مہم اور کارکنوں کے اجتماعات سے خطاب کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ اسٹریٹ موومنٹ کا آغاز ضلع گھوٹکی کے علاقے کامو شہید سے کیا جائے گا، جہاں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی پارٹی قائدین کے ہمراہ کارکنوں سے خطاب کریں گے۔
بعد ازاں پی ٹی آئی قیادت کشمور کے شہر کندھ کوٹ اور جیکب آباد میں بھی عوامی رابطہ مہم اور کارکنوں کے اجتماعات سے خطاب کرے گی۔
شفیع جان نے کہا کہ سندھ میں شروع ہونے والی اسٹریٹ موومنٹ عوامی جدوجہد کو فیصلہ کن مرحلے میں داخل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی، آئین و قانون کی بالادستی اور عوامی حقوق کے لیے جدوجہد مزید تیز کی جائے گی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ 27 ستمبر کے اسلام آباد لانگ مارچ سے قبل سندھ میں سیاسی سرگرمیوں کا آغاز تحریک انصاف کی عوامی رابطہ مہم کا اہم حصہ ہوگا






