پیٹرول کی ڈی ریگولیشن کے لیے جون 2027 کا ہدف تجویز
اسلام آباد: پیٹرولیم پرائسنگ کمیٹی نے پیٹرول کی قیمتوں کو مارکیٹ کے مطابق کرنے اور ڈی ریگولیشن کے لیے جون 2027 کا ممکنہ ہدف تجویز کردیا۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو مزید شفاف، قابل پیش گوئی اور مارکیٹ پر مبنی بنانے سے متعلق مختلف سفارشات پر اتفاق کیا گیا۔
کمیٹی کا کہنا ہے کہ مجوزہ اقدامات کا مقصد مارکیٹ کی کارکردگی بہتر بنانا اور صارفین کو قیمتوں میں اچانک اضافے یا کمی کے اثرات سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔ حتمی رپورٹ جلد وزیراعظم کو پیش کی جائے گی۔
اجلاس میں ہنگامی حالات کے دوران ڈیزل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کی صورت میں حکومتی مداخلت کے لیے رہنما اصول بھی طے کیے گئے۔
کمیٹی نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی کارکردگی اور مناسب ایندھن ذخائر برقرار رکھنے سے متعلق بھی سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی۔







