خیبرپختونخوا میں آٹے کا بحران سنگین، 20 کلو تھیلا 3200 روپے تک پہنچ گیا

خیبرپختونخوا میں آٹے کا بحران سنگین، 20 کلو تھیلا 3200 روپے تک پہنچ گیا

پشاور: خیبرپختونخوا میں آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے شہریوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں، صوبے کے مختلف علاقوں میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3200 روپے تک پہنچ گیا، جس سے کم آمدن والے طبقے کا گھریلو بجٹ شدید متاثر ہورہا ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب سے خیبرپختونخوا کو گندم اور آٹے کی ترسیل میں رکاوٹوں کی شکایات کے باعث صوبے میں آٹے کی سپلائی متاثر ہوئی ہے، جبکہ گندم کی دستیابی، تقسیم اور سرکاری سپلائی کے نظام پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔

آٹے کی قیمت میں اضافے کے باعث نان بائیوں اور دیگر متعلقہ کاروباروں کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی کے باعث گھریلو اخراجات پورے کرنا مشکل ہے اور اب آٹے جیسی بنیادی غذائی ضرورت بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق صوبے میں گندم کی ترسیل اور تقسیم کے نظام میں مبینہ بے ضابطگیوں کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں، جس کے باعث آٹے کے بحران کی صورتحال مزید پیچیدہ ہوگئی ہے۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں گندم اور آٹے کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے، قیمتوں میں اضافے کی وجوہات کا فوری تعین کیا جائے اور سرکاری سپلائی کے نظام میں موجود خامیوں کو دور کیا جائے۔

عوام کا کہنا ہے کہ آٹے کی قیمت میں مسلسل اضافے کا سب سے زیادہ بوجھ غریب اور متوسط طبقے پر پڑ رہا ہے، اس لیے بحران پر قابو پانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

More News