تیراہ میں ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈرز کیلئے این او سی کی شرط ختم
پشاور: سب ڈویژن تیراہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بروقت اجرا اور ٹینڈرز کے عمل کو تیز کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر خیبر نے تمام متعلقہ محکموں اور ایگزیکیوٹنگ ایجنسیوں کو اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر خیبر کی جانب سے جاری مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ تیراہ میں ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈرز کے لیے کسی بھی محکمے یا ادارے سے این او سی لینے کی ضرورت نہیں ہوگی، جس کا مقصد ٹینڈرنگ کے عمل میں غیر ضروری تاخیر ختم کرکے ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کرنا ہے۔
مراسلے کے مطابق سب ڈویژن تیراہ کے عوام کی سماجی و معاشی ترقی صوبائی حکومت اور متعلقہ اداروں کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اسی مقصد کے تحت علاقے میں مختلف ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔ تیراہ میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو اہم قرار دیا جا رہا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب علاقے کی بحالی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر توجہ دی جارہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام ایگزیکیوٹنگ ایجنسیوں کو ہدایت کی ہے کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے اور سرکاری فنڈز کا شفاف، مؤثر اور دانشمندانہ استعمال یقینی بنایا جائے۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام، ایکسیلیریٹڈ امپلیمنٹیشن پروگرام، خصوصی ترقیاتی پیکیجز اور دیگر پروگراموں کے تحت جاری تمام اسکیموں پر منظور شدہ معیار اور مقررہ تصریحات کے مطابق عملدرآمد کیا جائے۔
حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے ٹھیکوں کی منظوری متعلقہ خریداری قوانین اور ضابطوں کے تحت شفاف طریقے سے کی جائے گی، تاہم ٹینڈرنگ کے عمل کے لیے کسی بھی ادارے یا محکمے سے این او سی طلب نہیں کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر خیبر نے متعلقہ محکموں کو صوبائی حکومت کے نافذ العمل قوانین، قواعد و ضوابط اور جاری کردہ ہدایات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر سے نہ صرف سرکاری وسائل متاثر ہوتے ہیں بلکہ علاقے کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی تاخیر کا شکار ہوتی ہے، اس لیے متعلقہ ادارے ٹینڈرز اور تعمیراتی کاموں کے عمل کو تیز کریں۔
دوسری جانب تیراہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت پہلے بھی حکومتی اور انتظامی اجلاسوں میں زیر بحث آتی رہی ہے، جبکہ حکام نے علاقے میں منصوبوں کی بروقت تکمیل اور متاثرہ خاندانوں کی واپسی کے تناظر میں ترقیاتی سرگرمیوں کو اہم قرار دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر خیبر کی جانب سے جاری مراسلے کی نقول چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات، محکمہ داخلہ و قبائلی امور، فرنٹیئر کور، کمشنر پشاور ڈویژن اور دیگر متعلقہ حکام کو بھی ارسال کردی گئی ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ این او سی کی شرط ختم ہونے سے ٹینڈرنگ کا عمل مزید تیز ہوگا اور تیراہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے میں مدد ملے گی۔








