خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج؟ وزیراعظم ہاؤس میں اہم اجلاس آج طلب
پشاور: خیبرپختونخوا کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر وزیراعظم ہاؤس میں آج اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس طلب کیے جانے کی اطلاعات ہیں، جس میں صوبے میں ایمرجنسی، ایمرجنسی پلس یا گورنر راج کے ممکنہ نفاذ سے متعلق مختلف آئینی اور انتظامی آپشنز پر غور کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قومی سلامتی سے متعلق اداروں کی رپورٹس کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں متعلقہ حکام اور دیگر اہم شراکت داروں کی شرکت متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق قبائلی اضلاع سمیت خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی حکومت کے اختیارات اور ممکنہ اقدامات پر مشاورت کی جائے گی۔
اجلاس میں آئینِ پاکستان کے آرٹیکلز 232 سے 234 کے تحت دستیاب اختیارات اور ان کے قانونی تقاضوں کا بھی جائزہ لیے جانے کا امکان ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایمرجنسی کے نفاذ کی صورت میں وفاقی کابینہ کی منظوری کا معاملہ بھی زیرِ بحث آسکتا ہے۔
تاہم اجلاس سے قبل ایمرجنسی یا گورنر راج کے نفاذ کے حوالے سے کسی حتمی فیصلے کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی۔ آئندہ چند گھنٹوں میں ہونے والی مشاورت کو اس حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔








