خیبرپختونخوا میں شہریوں کے لیے بڑی سہولت، نادرا مراکز سے زمین کا فرد جاری ہوگا
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے شہریوں کی سہولت کے لیے نادرا ای سہولت مراکز سے بھی زمین کا فرد جاری کرنے کی اصولی منظوری دے دی، نئی سہولت کا افتتاح آئندہ ہفتے متوقع ہے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ شہریوں کو زمین کے فرد کے حصول کے لیے سرکاری دفاتر کے غیر ضروری چکروں سے نجات دلائی جائے۔ نئی سہولت کے تحت نادرا ای سہولت مراکز سے فرد جاری ہوگا جبکہ سرکاری فیس اور دیگر سروس چارجز کی ادائیگی مکمل طور پر نقد کے بجائے برقی طریقے سے کی جائے گی۔
محمد سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنے اور نظام میں شفافیت لانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ زمین کے فرد کے اجرا کا نیا نظام شہریوں کے قیمتی وقت اور وسائل کی بچت کرے گا۔
اجلاس میں لینڈ ایکوزیشن بل 2026 کے مسودے پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے زمین کے حصول کے عمل میں غیر ضروری تاخیر روکنے کے لیے بل میں خصوصی شقیں شامل کرنے اور اسے جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مجوزہ قانون میں عوامی مفاد کو مقدم رکھا گیا ہے اور حکومت عوامی مسائل کے عملی حل، شفاف نظام اور بہتر طرز حکمرانی کے لیے اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔








