خیبرپختونخوا میں صنعتوں کے لیے بجلی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی ورکنگ گروپ قائم
پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صنعتی شعبے کو درپیش بجلی کے مسائل کے حل اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اعلیٰ سطحی ورکنگ گروپ قائم کر دیا ہے، جو صنعتی علاقوں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے سفارشات مرتب کرے گا۔
اعلامیے کے مطابق خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (کے پی ای زیڈ ڈی ایم سی) نے پختونخوا انرجی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (پیڈو) کے اشتراک سے اس ورکنگ گروپ کی تشکیل کی ہے۔
ورکنگ گروپ میں صوبائی وزیر سید فخر جہاں، مشیر صنعت و تجارت ہمایوں خان، قومی اور صوبائی اسمبلی کے اراکین، صنعتی شعبے کے نمائندے، پیڈو کے سینئر حکام اور کے پی ای زیڈ ڈی ایم سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شامل ہیں۔
اجلاس کے دوران صنعتی علاقوں میں بجلی کی فراہمی، توانائی سے متعلق مسائل کے حل، مختلف اداروں کے درمیان رابطوں کو مؤثر بنانے اور صنعت کاروں کی تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔
شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ صنعتی ترقی کے لیے بجلی کی مسلسل فراہمی، بروقت فیصلوں اور مؤثر حکمت عملی کی ضرورت ہے، تاکہ صوبے میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ فورم سرکاری اداروں اور صنعتی شعبے کے درمیان مستقل رابطے کا ذریعہ بنے گا، جس کے ذریعے صنعت کاروں کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔
حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد توانائی کے شعبے میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنا، صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ کرنا اور صوبے کی معاشی ترقی کو تیز کرنا ہے۔







