خیبرپختونخوا میں منی لانڈرنگ کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 34 اکاؤنٹس منجمد
پشاور: خیبرپختونخوا میں منی لانڈرنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ مشکوک مالی لین دین میں ملوث افراد اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پشاور سمیت مختلف علاقوں میں مشتبہ سرگرمیوں کی بنیاد پر 34 بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے ہیں، جبکہ غیر قانونی مالی معاملات میں ملوث افراد کی نگرانی بھی بڑھا دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مختلف کاروباروں کی آڑ میں کی جانے والی مشکوک سرگرمیوں کی چھان بین جاری ہے، جبکہ بعض افغان تاجروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مزید مشتبہ افراد کی فہرستیں مرتب کی جا رہی ہیں اور ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔







