خیبرپختونخوا میں پیشہ ور گداگروں کے خلاف صوبہ بھر میں آپریشن کا فیصلہ، پروفائلنگ کا آغاز

خیبرپختونخوا میں پیشہ ور گداگروں کے خلاف صوبہ بھر میں آپریشن کا فیصلہ، پروفائلنگ کا آغاز

 پشاور(محمد عارف) خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور سمیت صوبے بھر میں پیشہ ور گداگروں کے خلاف بھرپور آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کی پروفائلنگ کا آغاز کر دیا ہے۔ حکومت نے بچوں سے زبردستی بھیک منگوانے والے افراد اور منظم گروہوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ کے مشیر برائے سماجی بہبود ملک لیاقت علی خان نے کہا ہے کہ پیشہ ور گداگری ایک سنگین سماجی مسئلہ بن چکی ہے، جس سے نہ صرف شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے بلکہ حقیقی مستحق افراد بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے جامع حکمت عملی اختیار کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چوراہوں، بازاروں، مساجد، تجارتی مراکز اور دیگر عوامی مقامات پر پیشہ ور گداگروں کے خلاف کارروائیاں کی جائیں گی، جبکہ بھیک مانگنے کو کاروبار بنانے والے منظم نیٹ ورکس کی بھی نشاندہی کرکے ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ملک لیاقت علی خان کے مطابق بچوں سے زبردستی بھیک منگوانا غیر قانونی، غیر اخلاقی اور قابل سزا جرم ہے۔ محکمہ سماجی بہبود، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر اس مہم میں حصہ لیں گے تاکہ پیشہ ور گداگری کے خاتمے کے ساتھ مستحق افراد کی بحالی اور فلاحی سہولیات تک رسائی بھی یقینی بنائی جا سکے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پیشہ ور گداگروں کی حوصلہ افزائی سے گریز کریں اور اگر کہیں بچوں سے جبراً بھیک منگوائی جا رہی ہو یا منظم گداگری کے گروہوں کی سرگرمیوں کی اطلاع ہو تو متعلقہ اداروں کو فوری آگاہ کریں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔

More News