خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے 178 کیسز کی تصدیق، کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں
پشاور: خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے مشتبہ کیسز کی تعداد 954 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ اب تک 178 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق ڈینگی سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔
گزشتہ ہفتے 84 مشتبہ اور 11 تصدیق شدہ کیسز سامنے آئے۔ پشاور سب سے زیادہ متاثرہ ضلع رہا جہاں 96 کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ کوہاٹ میں 25، بنوں میں 9 اور باجوڑ میں 7 کیسز سامنے آئے۔
محکمہ صحت کے مطابق ڈینگی لاروا کے خاتمے کے لیے 2 لاکھ 42 ہزار سے زائد گھروں اور 18 ہزار سے زائد آؤٹ ڈور مقامات کی انسپکشن کی گئی، جبکہ 53 ہزار 882 افراد کو آگاہی سیشنز بھی فراہم کیے گئے۔








