خیبرپختونخوا میں 13 سال سے لاپتا سرکاری گاڑیوں کا ریکارڈ طلب، 72 گھنٹوں میں پیش کرنے کا حکم
خیبرپختونخوا میں سرکاری گاڑیوں کے ریکارڈ میں مبینہ بے ضابطگیوں کا معاملہ سامنے آگیا، مشیر گورنر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے گزشتہ 13 سال کے دوران لاپتا اور ناقابلِ سراغ سرکاری گاڑیوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔
ثمر ہارون بلور نے متعلقہ سیکریٹری کو خط لکھ کر محکمہ ریلیف اور اس کے ماتحت اداروں کی تمام سرکاری گاڑیوں کا مکمل ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
خط میں گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبرز، کمپنی، میک اور ماڈل سمیت سرکاری گاڑیاں استعمال کرنے والے افسران اور اہلکاروں کے نام اور عہدوں کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔
مشیر گورنر نے ہدایت کی ہے کہ گزشتہ 13 سال کے دوران لاپتا یا ناقابلِ سراغ ہونے والی گاڑیوں کے ذمہ دار افسران اور اہلکاروں کی نشاندہی کرکے انہیں نوٹس جاری کیے جائیں اور 72 گھنٹوں کے اندر سرکاری گاڑیاں پیش کرنے کا پابند بنایا جائے۔
خط میں واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ مدت میں گاڑیاں پیش نہ کرنے والے متعلقہ افسران کے خلاف محکمانہ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
محکمہ ریلیف کو تمام گاڑیوں کے ریکارڈ کی تصدیق اور جانچ پڑتال مکمل کرکے پانچ روز میں جامع رپورٹ فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔








