خیبر: آن لائن گیمز میں لاکھوں ہارنے والے شخص کا 29 لاکھ 75 ہزار روپے کی ڈکیتی کا ڈرامہ بے نقاب، ملزم گرفتار
خیبر: ضلع خیبر کے علاقے جمرود میں آن لائن گیمز میں لاکھوں روپے ہارنے والے شخص کی جانب سے 29 لاکھ 75 ہزار روپے کی ڈکیتی کا ڈرامہ رچانے کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس نے چند گھنٹوں کی تفتیش کے بعد مبینہ ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس کے مطابق جمرود کے علاقے غنڈی کے رہائشی منصور نے درخواست دی تھی کہ سردار کلی چوک کے مقام پر نامعلوم موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے اسلحے کی نوک پر ان سے 29 لاکھ 75 ہزار روپے چھین لیے اور فرار ہوگئے۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او خیبر وقار احمد نے ایس ایچ او جمرود عدنان آفریدی اور پولیس ٹیم کو فوری تحقیقات کی ہدایت کی۔ پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا، عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کیے اور مدعی سے تفصیلی پوچھ گچھ کی۔
پولیس کی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ مدعی مبینہ طور پر آن لائن گیمز میں لاکھوں روپے ہار چکا تھا اور مالی نقصان چھپانے کے لیے اس نے ڈکیتی کی جھوٹی کہانی بنائی تھی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔
ڈی پی او خیبر نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کی موبائل فون اور آن لائن گیمز کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور انہیں منفی رجحانات سے محفوظ رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔








