ہانگ کانگ سپر سکسز: پاکستان نے بھارت کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی
پاکستان نے 89 رنز کا ہدف صرف 3.5 اوورز میں حاصل کرلیا۔
پشاور: ہانگ کانگ انٹرنیشنل سپر سکسز ٹورنامنٹ کے دوسرے گروپ میچ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔
مونگ کوک میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارتی ٹیم مقررہ 6 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز بنا سکی۔ ششانک سنگھ نے 11 گیندوں پر 40 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے عبدالصمد نے دو جبکہ احمد دانیال اور محمد شہزاد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں پاکستانی ٹیم نے 89 رنز کا ہدف صرف 3.5 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ خواجہ نافع نے 12 گیندوں پر 41 جبکہ کپتان عباس آفریدی نے 8 گیندوں پر 35 رنز بنا کر کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ عبدالصمد 7 اور عرفان خان 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کو ٹورنامنٹ کے اپنے پہلے میچ میں متحدہ عرب امارات کے ہاتھوں ایک وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس کامیابی کے بعد پاکستانی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں واپسی کی ہے۔







