خیبر پختونخوا سمیت بالائی و وسطی علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ

خیبر پختونخوا سمیت بالائی و وسطی علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا سمیت ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں جمعے کی رات سے 23 اگست تک مون سون بارشوں میں اضافے کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کی مضبوط ہوائیں بالائی سطح پر موجود مغربی ہواؤں کے نظام کے ساتھ مل کر مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا باعث بن سکتی ہیں۔

خیبر پختونخوا کے پشاور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، سوات، دیر، چترال، کوہستان، مردان، صوابی، کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملحقہ قبائلی اضلاع میں جمعے کی شام سے 23 اگست تک بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ، اچانک سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے بھی خبردار کیا ہے۔ مردان اور صوابی سمیت خیبر پختونخوا کے بعض نشیبی علاقوں میں ہفتے اور اتوار کے دوران شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔

کشمیر کے مختلف علاقوں، جن میں نیلم ویلی، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، باغ، کوٹلی، بھمبر اور میرپور شامل ہیں، میں بھی 23 اگست تک موسلا دھار بارش متوقع ہے۔ گلگت بلتستان کے دیامر، استور، غذر، اسکردو اور ہنزہ میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور لاہور میں جمعے کی رات سے اتوار کی صبح تک موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔ سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، لیہ اور ڈیرہ غازی خان میں ہفتے کے روز بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، تاہم موسیٰ خیل، بارکھان، ژوب، قلات اور خضدار میں بعض مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری اور آزاد کشمیر کے حساس پہاڑی راستوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ مقامی ندی نالوں میں اچانک طغیانی بھی آسکتی ہے۔

اس صورتحال کے پیش نظر سیاحوں کو شمالی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ مقامی انتظامیہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے۔ شہریوں کو بھی بارش کے دوران نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

More News